شان خدیجہ ع
سه شنبه, ۳۱ ارديبهشت ۱۳۹۸، ۱۰:۳۸ ب.ظ
کیا ہم سے بیاں ہوگی بھلا شان خدیجہ
جبریل بھی ہے صورت دربان خدیجہ
غیبت میں ہے اک شیر نیستان خدیجہ
ہونے کو ہے پورا ابھی ارمان خدیجہ
جس طرح خدیجہ کو ہے عرفان پیمبر
ویسے ہی پیمبر کو ہے عرفان خدیجہ
اسلام فقیری کی کڑی دھوپ میں ہوتا
ملتا نہ اگر سایہ دامان خدیجہ
ہے دوش مسلمان پر اسلام کا احسان
اسلام کے کاندھے پہ ہے احسان خدیجہ
حسنین کی تعریف کا اک یہ بھی ہے گوشہ
اک روح خدیجہ ہے تو اک جان خدیجہ
مصروف تلاوت ہے جو سر نوک سناں پر
وہ سر نہیں در اصل ہے قرآن خدیجہ
جس احمد مرسل پہ مسلمان ہیں قربان
وہ احمد مرسل بھی ہیں قربان خدیجہ
جو گیارہ اماموں کی ہے ماں اس کی یہ ماں ہیں
کیا ہوگی بھلا اس سے بڑی شان خدیجہ
قرآن کے الفاظ پیمبر کی زباں ہو
تب ہوگا قصیدہ کوئ شایان خدیجہ
9 رمضان المبارک 1440
۹۸/۰۲/۳۱